ہیوسٹن: اسماعیلی سینٹر ہیوسٹن کے افتتاح کو ایک سال مکمل ہونے پر آرٹ، ثقافت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فنونِ لطیفہ، ثقافت اور بین المذاہب شعبوں سے تعلق رکھنے والی قومی سطح کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد سول سوسائٹی کے کردار، فنونِ لطیفہ کے مستقبل اور ثقافتی اداروں کے ذریعے معاشرے میں تکثیریت، باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

اس موقع پر سارہ وائٹنگ، مدھوونتی گھوش اور میگ بوتھ سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی، جبکہ شہری، سماجی اور ثقافتی رہنماؤں پر مشتمل ایک خصوصی پینل میں بھی اظہارِ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف ثقافتوں، نظریات اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان مکالمہ، باہمی تعلقات اور مشترکہ اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تقریب میں متنوع نقطہ ہائے نظر کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے اور معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

یہ اجتماع محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ نئے روابط، دوستیوں اور مشترکہ مقاصد کے فروغ کا ایک خوبصورت موقع بھی ثابت ہوا۔
اس موقع پر اسماعیلی سینٹر ہیوسٹن کے اس تصور کو بھی اجاگر کیا گیا کہ یہ مرکز صرف ایک عمارت نہیں بلکہ ایسا کھلا اور مشترکہ پلیٹ فارم ہے جو تمام طبقات کے لیے باہمی احترام، مکالمے، ثقافتی تبادلے اور انسانی روابط کے فروغ کا ذریعہ بننے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔




