ہیوسٹن: پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم اپنا کے ساؤتھ ٹیکساس چیپٹر کے سالانہ گالا کے موقع پر ہیوسٹن کے ایک مقامی ہوٹل میں امریکی پاکستانی ڈاکٹروں، ان کے اہلِ خانہ اور دیگر کمیونٹی افراد کے لیے ایک شاندار شاپنگ بازار کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی فیشن اور ثقافت کے رنگ نمایاں نظر آئے۔
شاپنگ بازار میں معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنرز اور بوتیک کے اسٹالز سجائے گئے تھے، جہاں نت نئے ڈیزائن کے دیدہ زیب ملبوسات، خوبصورت میچنگ جیولری، جدید طرز کے پرس اور دیگر فیشن مصنوعات خریداروں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ بازار میں خواتین کی بڑی تعداد نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنی پسند کے ملبوسات اور دیگر اشیا کی خریداری کی۔

اس موقع پر امریکی پاکستانیوں نے شادی بیاہ کی تقریبات اور آنے والی عید کے لیے بھی بھرپور شاپنگ کی اور پاکستانی فیشن کے رنگوں سے لطف اندوز ہوئے۔
شرکاء نے اس شاندار شاپنگ بازار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف پاکستانی مصنوعات اور فیشن کو امریکی پاکستانی کمیونٹی میں فروغ دیتی ہیں بلکہ کمیونٹی کو ایک دوسرے سے ملنے اور اپنی ثقافتی روایات سے جڑے رہنے کا بھی بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔




