ہیوسٹن: پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم اپنا کے ساؤتھ ٹیکساس چیپٹر کے زیرِ اہتمام سالانہ گالا 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں ہیوسٹن کی پاکستانی امریکن میڈیکل کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں، ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں شرکاء کو ایک دوسرے سے ملاقات، پیشہ ورانہ روابط کے فروغ اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع ملا۔ معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کی شاندار لائیو پرفارمنس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا اور حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔

تقریب میں اس بات کا بھی اظہار کیا گیا کہ اپنا محض ایک پیشہ ورانہ تنظیم نہیں بلکہ صحت عامہ کی بہتری، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمات اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے بھی مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ تنظیم کی یہ خدمات پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے قابلِ قدر سرمایہ ہیں۔
سالانہ گالا نے طبی ماہرین اور کمیونٹی کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے دوستی، اتحاد، پیشہ ورانہ روابط اور اجتماعی خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دیا۔




