ساؤتھ لیک، ٹیکساس: پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ممتاز رکن راؤ کامران علی کی رہائش گاہ پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان شیخ اور قونصل جنرل پاکستان ہیوسٹن آفتاب چودھری کے اعزاز میں ایک خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی امریکی کمیونٹی سے متعلق امور، باہمی دلچسپی کے موضوعات اور سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ظہرانے کے دوران مہمانوں کی پرتپاک میزبانی کی گئی اور دوستانہ ماحول میں بامقصد گفتگو ہوئی۔ شرکا نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ساتھ روابط، باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات سمیت اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

میزبان راؤ کامران علی نے سفیر رضوان شیخ اور قونصل جنرل آفتاب چودھری کا اپنی مصروفیات کے باوجود مختصر نوٹس پر دعوت قبول کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ظہرانے میں شریک تمام معزز مہمانوں اور دوستوں کی آمد کو بھی سراہا۔
راؤ کامران علی نے واشنگٹن ڈی سی میں سفارت خانہ پاکستان اور ہیوسٹن میں قونصل خانہ پاکستان کی ٹیموں کی جانب سے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے جاری خدمات اور کوششوں پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ معزز مہمانوں کو اپنی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہنا ان کے لیے باعثِ مسرت تھا۔ اس نشست نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، خیرسگالی کے فروغ اور دوستانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ظہرانہ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں شرکا نے ایک دوسرے کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور پاکستانی امریکی کمیونٹی سے متعلق امور پر بامقصد گفتگو کی۔




