ہیوسٹن: مرحوم معروف نعت خواں، سماجی شخصیت اور فلاحی خدمات کے حوالے سے پہچان رکھنے والے جنید جمشید کی قائم کردہ ہیومن نیسیسٹی فاؤنڈیشن کے لیے ہیوسٹن میں خصوصی فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے فلاحی مقصد کے لیے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے دوران شرکاء کی جانب سے غیر معمولی جذبۂ خدمت اور سخاوت کا اظہار کیا گیا اور صرف 30 منٹ کے مختصر عرصے میں ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر سے زائد کے عطیات جمع ہوئے۔ منتظمین کے مطابق یہ رقم فاؤنڈیشن کے فلاحی مشن اور انسانیت کی خدمت سے متعلق منصوبوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔

تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت جنید جمشید کے صاحبزادے تیمور جنید جمشید کی شرکت تھی۔ اس موقع پر معروف اداکار فیصل قریشی اور سماجی رہنما فوزیہ قصوری بھی موجود تھیں۔ تینوں شخصیات نے فاؤنڈیشن کے فلاحی مشن سے وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے اپنی حمایت پیش کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ فلاحی سرگرمیوں کے لیے کمیونٹی کا متحد ہوکر کردار ادا کرنا معاشرے میں خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ تقریب کے دوران عطیات دینے والوں نے بھی فلاحی منصوبوں کی معاونت کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے سرفراز معروف قوال شیر میانداد خان اور ان کے قوال گروپ نے خصوصی قوالی پیش کی۔ روح پرور قوالی نے محفل کی رونق میں اضافہ کیا اور حاضرین نے بھرپور انداز میں فنکاروں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے تمام شرکاء، معاونین اور عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کا یہ تعاون فلاحی خدمات کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔




