ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں قونصل جنرل اسکاٹ اربم اور دیگر سینئر حکام سے ایک بامقصد ملاقات کی جس سےنا صرف پاکستان اور امریکا کے مابین اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی راہیں کھولیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے بھی کھولے ہیں۔ اس ملاقات میں امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربم اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ گفتگو نے ایک نئی شراکت داری کی بنیاد رکھی، جس میں پاکستان کے لیے تجارتی مواقع اور اقتصادی ترقی کے لئے اہم اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قونصل جنرل اسکاٹ اربم کی قیادت میں، امریکی حکام نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ سے ملاقات میں پاکستان قونصلیٹ جنرل ہیوسٹن اور دیگر اداروں کے اشتراک سے "پاک امریکہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم” کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔

اس فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کی توسیع اور نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کی بات کی گئی۔ امریکی قونصلیٹ کے سینئر حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کی میزبانی کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس ملاقات میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور اس کی شراکت داری میں شامل تنظیموں جیسے الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف اور ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کی خدمات کو سراہا گیا۔ ان تنظیموں کی طرف سے سیلاب متاثرین کی امداد، ماحولیاتی اقدامات، پاکستانی طلبا کے لیے وظائف کی فراہمی اور تجارتی وفود کی میزبانی جیسے اقدامات نے دونوں ممالک کے مابین رابطوں کو ایک نیا رخ دیا۔چیف پیٹرن سید جاوید انور کی انتھک محنت اور ذاتی دلچسپی کی بدولت یہ تمام منصوبے حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں، جو کہ اس بات کا غماز ہے کہ اگر نیت میں پختگی اور محنت ہو تو کوئی بھی مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

قونصل جنرل اسکاٹ اربم نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ سے ملاقات میں عوامی روابط اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے لیے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی شراکت داری کی طرف قدم بڑھانے کی امید ظاہر کی۔ یہ ملاقات ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو ایک نئی جہت فراہم کرتی ہے۔





