ہیوسٹن: شہر اور خطے کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے علاقائی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس حال ہی میں پارٹنرشپ ایٹ ریجنز کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں سرکاری، تعلیمی اور نجی شعبوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہیرس کاؤنٹی کے کمشنر ایڈرین گارسیا، ہیوسٹن سٹی کالج کی چانسلر ڈاکٹر مارگریٹ فورڈ فشر، ہائنس کے جان موز اور سٹی آف ہیوسٹن کی نمائندہ گوین ٹلٹسن بیل شریک ہوئیں۔
اس موقع پر شرکا نے ہیوسٹن اور اس کے گردونواح میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معاشی مواقع میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی ترقی کے لیے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں بالخصوص سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان اشتراکِ عمل کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر گفتگو ہوئی کہ باہمی تعاون کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور خطے کی معاشی ترقی کو مزید مستحکم بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہیوسٹن کی پائیدار ترقی اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان رابطے اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔




