شہر میں بے گھر اور بے سہارا جانوروں کی دیکھ بھال اور انہیں نئے گھر فراہم کرنے کے لیے قائم ادارے کے نئے ایڈاپشن سینٹر کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں بفیلو بایو پارک کے قریب منعقدہ خصوصی تقریب میں ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر، ڈسٹرکٹ ایچ کے سٹی کونسل ممبر ماریو کاسٹیلو، ہیوسٹن بارک فاؤنڈیشن، فرینڈز آف بارک اور دیگر کمیونٹی شراکت داروں نے شرکت کی اور منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔
نیا مرکز طویل عرصے سےبارک کے حامی اور جانوروں کے حقوق کے سرگرم علمبردار ڈان سینڈرز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ 33 ہزار مربع فٹ پر محیط اس جدید عمارت کا مقصد بارک کے زیرِ کفالت ایسے جانوروں کو شہر کے مرکزی علاقے کے قریب ایک نمایاں اور آسان رسائی والی جگہ فراہم کرنا ہے، جہاں شہری آ کر جانوروں سے ملاقات کر سکیں اور انہیں اپنے گھروں میں لے جانے کے لیے گود لے سکیں۔

منصوبے کے منتظمین کے مطابق یہ مرکز محض جانوروں کو گود دینے کی جگہ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اسے ہیوسٹن کی جانوروں سے محبت کرنے والی کمیونٹی کے لیے ایک مشترکہ مرکز بنانے کا تصور بھی پیش کیا گیا ہے، جہاں شہری جانوروں کو گود لینے، عارضی پرورش (فوسٹر کیئر) اور رضاکارانہ خدمات میں حصہ لینے کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔
حکام نے واضح کیا کہ کیر اسٹریٹ پر واقع بارک کا موجودہ کیمپس بدستور ادارے کے مرکزی دفتر (ہیڈکوارٹرز) کے طور پر کام کرتا رہے گا اور وہاں جانوروں کی دیکھ بھال سمیت تمام ضروری خدمات اور انتظامی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

نئے ایڈاپشن سینٹر اور موجودہ کیمپس کے مشترکہ نظام سے ادارے کی خدمات کا دائرہ وسیع ہونے، جانوروں کو مستقل گھر فراہم کرنے کے مزید مواقع پیدا ہونے اور شہریوں کی شمولیت بڑھنے کی توقع ہے۔
تقریب کے شرکا نے اس منصوبے کو ہیوسٹن میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے مرکز کے قیام سے زیادہ سے زیادہ بے گھر جانوروں کو محبت کرنے والے خاندان میسر آ سکیں گے۔




