ہیوسٹن: ویٹرنز ڈے کے موقع پر ہیوسٹن کے ڈاؤن ٹاؤن میں امریکن ہیروز پریڈ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، منتخب عوامی نمائندوں، سرکاری حکام اور کمیونٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پریڈ کا مقصد امریکی افواج میں خدمات انجام دینے والے سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں، خدمات اور قومی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر ان مرد و خواتین کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا جنہوں نے ملک کے دفاع اور تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بہادری، عزم اور وفاداری کے ساتھ نبھائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر نے کہا کہ سابق فوجیوں کی خدمات اور قربانیاں صرف یومِ سابق فوجیان تک محدود نہیں بلکہ وہ سال بھر قوم کی جانب سے عزت، محبت اور تشکر کے مستحق ہیں۔ ان کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کے باعث امریکی شہری آج آزادی اور تحفظ کی فضا میں زندگی گزار رہے ہیں۔
اس موقع پر میئر جان وٹمائر، ان کی انتظامی ٹیم، منتخب عوامی نمائندوں اور محکمہ پبلک سیفٹی کے افسران کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے اس یادگار تقریب اور پریڈ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکن ہیروز پریڈ نے ایک بار پھر اس عزم اور پیغام کو اجاگر کیا کہ وطن کے لیے خدمات انجام دینے والے سابق فوجی اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کے احترام، محبت اور تشکر کے مستحق ہیں۔ یومِ سابق فوجیان کے موقع پر ہیوسٹن کی کمیونٹی نے اپنے قومی ہیروز کو یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔




