ہیوسٹن: امریکہ اور پاکستان کی فلم و ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ اداکاروں، رائٹرز اور ہدایت کاروں کے اشتراک سے تیار کی جانے والی مختصر دورانیے کی 6 فلموں کی شاندار اسکریننگ تقریب ہیوسٹن میں منعقد ہوئی، جس میں معروف ڈرامہ و فلم اداکار عدنان شاہ ٹیپو، اصفر علی سمیت پاکستان اور امریکہ کی فلم و ڈرامہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اسکریننگ کے دوران پیش کی جانے والی مختصر فلموں نے اپنے منفرد موضوعات، معیاری پیشکش اور جاندار کہانیوں کے باعث حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ فلم "مکافات” میں کراچی کے ایک اہم شہری مسئلے کی نشاندہی کی گئی ہے جو معصوم بچوں کی اموات کا سبب بن رہا ہے، جبکہ فلم میں اس سنگین مسئلے سے جڑے کرداروں اور عوامل کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

اسی طرح فلم "جوتی” میں معاشرے کے ایک انتہائی حساس اور دردناک پہلو کو موضوع بنایا گیا ہے، جہاں نام نہاد غیرت کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے جیسے سنگدلانہ عمل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اصفر علی کی ہدایت کاری اور عدنان شاہ ٹیپو کی عمدہ اداکاری نے فلم کو مزید مؤثر بنا دیا۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے فلم "مکافات” کے رائٹر اور ڈائریکٹر سراج نرسی نے کہا کہ فلم کی کہانی کراچی میں معصوم بچوں کی اموات کا سبب بننے والے ایک سنگین شہری مسئلے کے گرد گھومتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے ذریعے مسئلے کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ اس میں ملوث کرداروں کو بھی سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
معروف اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے کہا کہ ہیوسٹن اور پاکستان کے درمیان مشترکہ فلم سازی کے نتیجے میں بننے والی فلم "جوتی” ایک اہم کاوش ہے، جس میں غیرت کے نام پر معصوم انسانی جانوں کے قتل جیسے سنگدلانہ فعل کے خلاف مؤثر پیغام دیا گیا ہے۔

ٹی وی اور فلم کی معروف شخصیت اصفر علی نے کہا کہ امریکہ، بالخصوص ہیوسٹن، جسے پاکستانی کمیونٹی میں "منی کراچی” بھی کہا جاتا ہے، میں میوزیکل کنسرٹس کے ساتھ ساتھ آرٹ، تھیٹر اور فلم کے حوالے سے بھی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے یاسر کے ساتھ مل کر فلم "جوتی” بنانے کے لیے پیش قدمی کی۔
فلم "مکافات” کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ظفر احمد نے کہا کہ کراچی میں بے شمار مسائل موجود ہیں اور انہی میں سے ایک انتہائی سنگین مسئلے کو فلم کا موضوع بنایا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ "مکافات” ناظرین کو پسند آئے گی اور فلم کے ذریعے معاشرتی مسائل پر مثبت اور سنجیدہ بحث کو فروغ ملے گا۔
تقریب کے دوران پاکستان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور فلم سازوں نے مشترکہ فلم سازی کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ اور پاکستانی فن و ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
تصویر بشکریہ: کامران جیلانی




