ہیوسٹن: پامپرڈ پنک ماڈل شو 2026 کی خوبصورت اور یادگار شام میں بریسٹ کینسر سے صحت یاب ہونے والی خواتین نے ماڈلنگ کے ذریعے حوصلے، امید اور عزم کا اظہار کیا۔ تقریب سے حاصل ہونے والی آمدنی ان خواتین کی معاونت کے لیے مختص کی گئی جو کینسر کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ مالی مشکلات کا بھی سامنا کر رہی ہیں۔
تقریب میں بطور ماڈل شرکت کرنے والی خواتین نے اس خصوصی موقع کو اپنے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔ ان کے اہلِ خانہ بھی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب میں موجود تھے، جس سے اس یادگار شام کی خوشی اور جذباتی کیفیت میں مزید اضافہ ہوا۔

شو میں شریک ہر ماڈل نے اپنی موجودگی کے ذریعے ایک مضبوط پیغام دیا کہ وہ بریسٹ کینسر سے صحت یاب ہونے والی خواتین ہیں اور بیماری کے مشکل سفر کے باوجود حوصلے، امید اور مثبت سوچ کے ساتھ زندگی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تقریب کے دوران پروڈیوسرز لینی ماتوسزیوسکی جونیئر اور تمارا کالش بونار کی کاوشوں کو سراہا گیا اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ موکسی ڈسٹرکٹ 31 بوتیک کی مالکن ایبی لی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے ماڈلز کے لیے خوبصورت ملبوسات فراہم کیے۔

پامپرڈ پنک ماڈل شو نے بریسٹ کینسر سے صحت یاب خواتین کے عزم، حوصلے اور باہمی یکجہتی کو اجاگر کرتے ہوئے کمیونٹی میں امید، آگاہی اور مثبت سوچ کا پیغام دیا۔




