ہیوسٹن: پاکستانی امریکن کانگریس کے زیرِ اہتمام امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو امریکی رکن کانگریس ایل گرین اور ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے پاکستانی نژاد رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی کی جانب سے توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔

تقریب سے پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چودھری، پاکستانی امریکن کانگریس کے صدر ڈاکٹر اشرف عباسی، اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر عمران غازی، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ، معروف کاروباری شخصیت اقبال شیخ اور ڈاکٹر مظہر چودھری نے خطاب کیا۔
مقررین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر تقریب کے میزبان اور پاکستانی امریکن کانگریس کے صدر ڈاکٹر اشرف عباسی نے پاکستان میں مقیم اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو وطن عزیز میں مختلف شعبوں میں مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر اشرف عباسی نے شکایت کی کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل پر مختلف ادوار کی حکومتوں کی جانب سے مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث کمیونٹی کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
تقریب میں شرکاء نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ، بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے سہولتوں میں اضافے اور سرمایہ کاری کے مواقع بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔




