ہیوسٹن: نیشنل ایشین و پیسیفک آئی لینڈر امریکن چیمبر آف کامرس اینڈ انٹرپرینیورشپ کے زیرِ اہتمام 2026 کی سالانہ کانفرنس ہیوسٹن میں منعقد ہوئی، جس میں 700 سے زائد کاروباری شخصیات، کارپوریٹ اداروں کے نمائندگان، پالیسی سازوں اور جدت طراز ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد چھوٹے کاروباری اداروں کے فروغ، کاروباری مواقع کی فراہمی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کے درمیان تجربات و افکار کا تبادلہ تھا۔
کانفرنس کے دوران ماہرین کی زیرِ نگرانی چھ خصوصی نشستوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جبکہ مختلف کاروباری اداروں اور تنظیموں کی جانب سے ایک خصوصی نمائش بھی سجائی گئی۔ مقررین اور شرکاء نے کاروباری ترقی، جدت، باہمی تعاون اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی امور کی سربراہ گِگی لی نے خطاب کیا۔ انہوں نے ہیوسٹن کو کاروبار کے آغاز، توسیع اور منتقلی کے لیے ایک اہم مرکز قرار دیتے ہوئے شہر کی معاشی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔
گِگی لی کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن کو متنوع اور باصلاحیت افرادی قوت، نسبتاً کم اخراجاتِ زندگی، کاروبار دوست ماحول اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہے، جو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

کانفرنس کے منتظمین نے نیشنل اے سی ای کی سالانہ کانفرنس کے لیے ہیوسٹن کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا اور تمام شرکاء، مقررین، معاون اداروں، نمائش کنندگان اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے یہ اہم اجتماع کامیابی سے ہمکنار ہوا۔




