ہیوسٹن: شہر میں تفریحی سرگرمیوں، پیدل چلنے اور سائیکلنگ کی سہولیات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے تحت برائس بایو گرین وے کے ہائی وے 59 اور بیلٹ وے 8 پر انڈر پاسز کی تعمیر مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جبکہ شارپسٹاؤن ٹریل کے دوسرے مرحلے کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا گیا۔
اس موقع پر ہیوسٹن پارکس بورڈ کے ساتھ ہیرس کاؤنٹی پریسنکٹ 4 کی کمشنر لیسلی برائنز کے دفتر، ہیوسٹن پارکس اینڈ ریکریشن ڈیپارٹمنٹ ، سٹی آف ہیوسٹن، سٹی کونسل ممبر ایڈورڈ پولارڈ اور دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ ان میں ساؤتھ ویسٹ ہیوسٹن ری ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کنڈر فاؤنڈیشن بھی شامل تھے۔
مکمل ہونے والے انڈر پاسز کے ذریعے برائس بایو گرین وے کے پہلے سے تعمیر شدہ 7.67 میل طویل حصے کے مختلف مقامات کے درمیان رابطہ قائم ہوگیا ہے، جس سے پیدل چلنے اور سائیکلنگ کرنے والوں کو شاہراہوں کی ٹریفک سے محفوظ راستہ میسر آئے گا۔

شارپسٹاؤن ٹریل کے دوسرے مرحلے کے تحت بیچ نٹ اسٹریٹ سے برائس بایو گرین وے تک مزید 0.8 میل طویل ٹریل تعمیر کی جائے گی، جس سے علاقے میں تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
تقریب میں اس پیش رفت کو سرکاری اور نجی شعبے کے باہمی اشتراک کی کامیاب مثال قرار دیا گیا۔ کنڈر فاؤنڈیشن کی جانب سے 50 ملین ڈالر کی خطیر ابتدائی مالی معاونت نے شہر کے وسیع تر بایو گرین ویز منصوبے کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ شارپسٹاؤن ٹریل کے اگلے مرحلے کے لیے ٹیرز 20 اور ہیرس کاؤنٹی پریسنکٹ 4 مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
منتظمین اور شراکت دار اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہیوسٹن کو مزید مربوط، سرسبز اور صحت مند شہر بنانے کے لیے ایسے منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا، تاکہ شہریوں کو پیدل چلنے، سائیکل چلانے اور قدرتی ماحول میں وقت گزارنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔




