ہیوسٹن: ٹیکساس میں نومبر کے انتخابی نتائج کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی کے دوران پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹ ریاستی نمائندہ ڈاکٹر سلیمان لالانی نے قانون ساز اسمبلی کے آئندہ 90ویں اجلاس سے قبل مسلم کمیونٹی کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تشخص سے متعلق متعدد قانونی بل پیش کر دیے ہیں۔ ان تجاویز میں ٹیکساس میں مسلم ہیریٹیج ڈے منانے، ماہِ رمضان کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے اور سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے حلال کھانے کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
ڈاکٹر سلیمان لالانی ٹیکساس ہاؤس ڈسٹرکٹ 76 کی نمائندگی کرتے ہیں، جس میں فورٹ بینڈ اور ہیرس کاؤنٹی کے علاقے شامل ہیں۔ ریاستی قانون سازوں کے لیے پیر کے روز بل پیش کرنے کا عمل شروع ہونے کے پہلے ہی دن انہوں نے مختلف نوعیت کی قانون سازی کی تجاویز جمع کرا دیں۔
ڈاکٹر لالانی کی جانب سے پیش کردہ ہاؤس بل 236 (ایچ بی 236) کے تحت ٹیکساس گورنمنٹ کوڈ کے باب 662 میں ترمیم کرتے ہوئے ہر سال 4 فروری کو ریاست میں مسلم ہیریٹیج ڈے کے طور پر تسلیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس دن کا مقصد ٹیکساس اور امریکہ میں مسلم شہریوں کی تاریخی، ثقافتی اور سماجی خدمات اور کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
اسی سلسلے میں انہوں نے ہاؤس ریزولوشن 16(ایچ آر 16) بھی پیش کی ہے، جس کے ذریعے 2027 کے مقدس ماہِ رمضان کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اعزازی قرارداد میں رمضان المبارک کے دوران روزے رکھنے والے مسلمانوں کی خدمات اور مذہبی روایات کا اعتراف کرتے ہوئے ریاست بھر کے مسلمانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سلیمان لالانی نے سرکاری اسکولوں میں حلال کھانے کی فراہمی سے متعلق بھی دو الگ الگ بل پیش کیے ہیں۔ ہاؤس بل 401 (ایچ بی 401) کے تحت ٹیکساس کے سرکاری اسکول ڈسٹرکٹس اور اوپن انرولمنٹ چارٹر اسکولوں کو پابند کرنے کی تجویز ہے کہ والدین یا سرپرست کی درخواست پر مسلمان طلبہ کے لیے حلال کھانے کا متبادل فراہم کیا جائے۔ اس تجویز کا اطلاق اسکولوں کے ناشتے اور دوپہر کے کھانے دونوں پروگراموں پر ہوگا۔
دوسری جانب ہاؤس بل 426 (ایچ بی 426) میں بھی اسکولوں میں حلال کھانے کی فراہمی کی اسی نوعیت کی تجویز شامل ہے، تاہم اس کا دائرہ نسبتاً محدود رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت کم از کم 21 لاکھ آبادی والی کاؤنٹیوں اور ان سے متصل کاؤنٹیوں کے سرکاری اسکول ڈسٹرکٹس اور چارٹر اسکولوں میں حلال کھانے کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مسلم ہیریٹیج ڈے سے متعلق بل سامنے آنے کے بعد ریپبلکن رکنِ اسمبلی مائیک اولکاٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ پہلے ہی جانتے ہیں کہ اس بل پر ان کا ووٹ کیا ہوگا۔ انہوں نے بل کی مخالفت کا عندیہ دیتے ہوئے اس پر سیاسی تبصرہ بھی کیا۔
اسی طرح رئیر فاؤنڈیشن یو ایس اے کی بانی اور ایڈیٹر اِن چیف ایمی میک نے بھی سوشل میڈیا پر ان بلوں کے حوالے سے تنقیدی ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر سلیمان لالانی اور مسلم ڈیموکریٹ رکنِ اسمبلی سلیمان بھوجانی کی سابقہ قانون سازی کی تجاویز کا حوالہ دیتے ہوئے مسلم ہیریٹیج، اسلاموفوبیا کے خلاف اقدامات، پاکستان ڈے کی سرکاری سطح پر شناخت اور حلال کھانے کی سہولت جیسے معاملات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ٹیکساس کی 90ویں ریاستی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 12 جنوری 2027 کو آسٹن میں شروع ہوگا، جہاں ڈاکٹر سلمان لالانی کی جانب سے پیش کردہ ان بلوں پر قانون سازی کے مراحل آگے بڑھیں گے۔ ان تجاویز کی منظوری اور ان پر حتمی فیصلہ ریاستی مقننہ کے ارکان کے اختیار میں ہوگا۔




