حال ہی میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف کے صدر، محمد سعید شیخ نے پاکستان کا دورہ کیا، جس کا مقصد پسماندہ طبقات کی فلاح، نوجوانوں کی ترقی، اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ اس دورے کے دوران، سعید شیخ نے ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام اسکلز ڈویلپمنٹ اور روزگار پروگرام کے کھیلوں کے منصوبے کا دورہ کیا، جس میں ان کے ہمراہ ہیلپنگ ہینڈ پاکستان کے کراچی ریجن کے ریجنل منیجر عدیل اکرم بھی موجود تھے۔ یہ دورہ کراچی کے جلال الدین کرکٹ اکیڈمی میں کیا گیا، جہاں کم عمر کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کی سرپرستی "ہیلپنگ ہینڈ امریکہ” کر رہا ہے، جس کا مقصد غریب اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو کھیل، نظم و ضبط، اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔ اس دوران، کوچ حارث خان نے پروگرام کی تفصیلات سے مہمانوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں یہ تربیتی پروگرام کراچی کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ایک نعمت ثابت ہوا ہے۔ کوچ حارث خان کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف کرکٹ کی تکنیکی تربیت دیتے

ہیں بلکہ جسمانی صحت، ذہنی مضبوطی، اور نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں، اور یہ سب ہیلپنگ ہینڈ امریکہ کی مستقل حمایت کے ذریعے ممکن ہو سکا ہے۔ محمد سعید شیخ نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور کوچنگ ٹیم کی لگن کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی سطح پر ہونے والے یہ اقدامات دیرپا تبدیلی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان کھلاڑی اور ان کی محنت واقعی متاثر کن ہے۔ ایسے منصوبے نہ صرف صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ معاشرے میں امید، نظم و ضبط اور مثبت رویوں کو فروغ دیتے ہیں۔ ہم ہیوسٹن میں موجود اپنی تنظیموں کے ذریعے ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ یہ دورہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف کے اس عظیم مقصد کا حصہ ہے جس کے تحت ہیوسٹن اور کراچی کے درمیان تعلقات کو ثقافتی تبادلے، انسانی ہمدردی، اور نوجوانوں کی ترقی کے ذریعے مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ سعید شیخ کے اس دورے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ بین الاقوامی تعاون، سماجی شعور، اور کمیونٹی پر مبنی اقدامات کے ذریعے حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔





