عوامی خدمت اور غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، ہیوسٹن سٹی کونسل نے بش انٹرکانٹینینٹل ایئرپورٹ کے ٹرمینل E کا نام مرحوم کانگریس وومن شیلا جیکسن لی کے اعزاز میں باضابطہ طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ شیلا جیکسن لی نے تقریباً تین دہائیوں تک امریکی ایوانِ نمائندگان اور پانچ سال ہیوسٹن سٹی کونسل میں خدمات انجام دیں۔ وہ جولائی 2024 میں 74 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔ ٹرمینل کا نیا نام صرف ایک رسمی اقدام نہیں بلکہ دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ شیلا جیکسن لی کا ورثہ ہیوسٹن کی روح میں گہری جڑیں رکھتا ہے۔کونسل نے سب سے پہلے یہ نامزدگی دسمبر میں منظور کی تھی، لیکن حتمی ووٹنگ ایک لازمی عوامی تبصرہ مدت کے بعد مارچ 2025 میں ہوئی۔ اس دوران دو ہزار سے زائد عوامی آراء موصول ہوئیں، جن میں 80 فیصد نے اس تبدیلی کی حمایت کی۔

یہ قرارداد پروپوزیشن A کے تحت کونسل ممبران ایڈورڈ پولارڈ، ٹفنی تھامس، مارٹھا کاسٹیکس-ٹیٹم، کیرولن ایونز-شباز، ترشہ جیکسن، ابی کامن، سیلی آلکارن اور لیٹیشیا پلمر نے پیش کی۔ شیلا جیکسن لی کا اثر صرف امریکہ تک محدود نہ تھا— وہ دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی ڈائسپورا، خصوصاً ہیوسٹن میں رہنے والے پاکستانی نژاد امریکیوں کے درمیان ایک باوقار شخصیت سمجھی جاتی تھیں۔ وہ باقاعدگی سے ثقافتی میلوں، پاکستان ڈے پریڈز، عید کی تقریبات، اور کمیونٹی فنڈ ریزرز میں شریک ہوتیں۔ ان کی سرگرم شمولیت نے انہیں پاکستانی کمیونٹی کا اعتماد اور احترام دلایا، جنہوں نے انہیں ایک مخلص اتحادی اور سچے دوست کے طور پر تسلیم کیا۔ انہوں نے امریکی کانگریس میں پاکستان اور پاکستانی نژاد امریکیوں سے متعلق اہم مسائل پر آواز اٹھائی— جن میں امیگریشن اصلاحات، مسئلہ کشمیر، اور انسانی حقوق شامل تھے۔ مسلمانوں اور جنوبی ایشیائی اقلیتوں کے حقوق کے لیے ان کی وکالت نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر میں سنی گئی، اور پاکستانی میڈیا ان کی تقاریر کو اکثر کور کرتا رہا اور ان کے مؤقف کو خراجِ تحسین پیش کرتا رہا۔

بہت سے پاکستانی سیاستدانوں، سفارتکاروں، اور کمیونٹی رہنماؤں نے جیکسن لی کو "پاکستان کی سچی دوست” قرار دیا۔ ان کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پاکستانی امریکیوں کے خراج تحسین سے بھر گیا، جنہوں نے انہیں "ہماری کمیونٹی کی آواز” کہا۔ایک کمیونٹی لیڈر نے کہا، "شیلا جیکسن لی صرف ایک سیاستدان نہیں تھیں— وہ ہماری علمبردار تھیں۔ جب اور لوگ ہمیں نظر انداز کرتے، وہ ہماری سنتی تھیں۔”




