ہیوسٹن: پاکستان کے معروف اداکار اور سپر اسٹار دانش تیمور نے ہیوسٹن میں منعقدہ آئیڈیا کے "ہمارے لوگ، ہمارا پاکستان” فنڈ ریزنگ گالا میں خصوصی شرکت کرکے تقریب کو مزید پُرکشش بنا دیا۔ ان کی آمد پر شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا، جبکہ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب اگرچہ شوبز کی چمک دمک اور معروف فنکار کی موجودگی کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز بنی، تاہم اس کا بنیادی مقصد پاکستان میں فلاحی اور انسانی خدمت کے منصوبوں کے لیے وسائل جمع کرنا تھا۔

گالا کے ذریعے پاکستان میں آٹزم سے متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی معاونت کے لیے آٹزم سپورٹ سینٹرز، ضرورت مند مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل مشنز اور یتیم بچوں کی کفالت و فلاح و بہبود کے پروگراموں کی معاونت کے لیے فنڈز جمع کرنے کی اپیل کی گئی۔
دانش تیمور کی شرکت نے تقریب کو خصوصی اہمیت دی اور اس بات کا پیغام اجاگر کیا کہ حقیقی شہرت صرف اسکرین پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار تک محدود نہیں بلکہ اپنے اثر و رسوخ کو انسانیت کی خدمت اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے استعمال کرنا بھی اہمیت رکھتا ہے۔
"ہمارے لوگ، ہمارا پاکستان” کے عنوان سے منعقدہ یہ تقریب پاکستانی امریکن کمیونٹی کے باہمی اتحاد، سماجی ذمہ داری اور وطن عزیز کے مستحق افراد کی مدد کے جذبے کی عکاس تھی۔
تصویر بشکریہ: امریکن اردو ڈاٹ ٹی وی




