ہیوسٹن: جامعہ کراچی المنائی ایسوسی ایشن ہیوسٹن نے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور جامعہ کراچی کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے والے پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کے دورۂ ہیوسٹن کے موقع پر امریکی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے امکانات پر اہم ملاقاتوں کا اہتمام کیا۔
وفد نے شوگر لینڈ کی میئر کیرول میک کچن، ہیوسٹن سٹی کالج کی صدر ڈاکٹر ریما عادل اور یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے شوگر لینڈ کیمپس میں وائس پریزیڈنٹ جے نیل اور انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں مصنوعی ذہانت، آن لائن تعلیم، طلبہ کے تبادلے اور جدید تعلیمی وسائل تک رسائی کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد طفیل کو اعزازی پروکلیمیشنز بھی پیش کی گئیں۔

ایسوسی ایشن کے صدر محمد اعظم اختر کے مطابق امریکی اداروں سے بات چیت ابتدائی مرحلے میں ہے۔ ضروری منظوریوں اور ادارہ جاتی تقاضوں کی تکمیل کے بعد مفاہمتی یادداشت اور عملی تعاون کی راہیں متعین کی جا سکیں گی۔
ڈاکٹر محمد طفیل کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ٹیکساس کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی، پاکستانی امریکی کمیونٹی کی شخصیات اور جامعہ کراچی کے سابق طلبہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر لالانی نے مہمان کو پروکلیمیشن پیش کی۔

محمد اعظم اختر نے کہا کہ ایسوسی ایشن وظائف اور مالی معاونت کے ساتھ جامعہ کراچی کو بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے جوڑنے اور طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ ڈاکٹر طفیل نے ایسوسی ایشن کی میزبانی اور کاوشوں کو سراہا۔




