شوگر لینڈ: ٹیکساس کے ریاستی رکنِ اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی کی میزبانی اور قیادت میں ٹیکساس لیجسلیٹو پروگریسو کاکس کے زیرِ اہتمام دی پیپلز ہیئرنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں قانون سازوں، مذہبی و بین المذاہب رہنماؤں، کمیونٹی نمائندوں اور صحتِ عامہ کے ماہرین نے شرکت کی۔
پروگرام میں ٹیکساس ہاؤس کے ارکان ڈاکٹر سلیمان لالانی، چیئرمین جین وو، چیئر وومن کرسٹینا مورالز، جان برائنٹ کے علاوہ ڈسٹرکٹ اٹارنی برائن ایم. مڈلٹن اور کمشنر ڈیکسٹر ایل. میک کوئے نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران مذہبی و بین المذاہب رہنماؤں، صحتِ عامہ کے ماہرین، طبی شعبے سے وابستہ افراد، محققین، پالیسی ماہرین اور کمیونٹی نمائندوں نے اپنے خیالات، تجربات اور تجاویز پیش کیں۔
شرکاء نے ٹیکساس کو درپیش دو اہم مسائل، نفرت پر مبنی واقعات میں اضافے اور صحت کی دیکھ بھال کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ گفتگو میں ان مسائل کے مختلف کمیونٹیز پر اثرات، موجودہ چیلنجز اور ممکنہ پالیسی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

منتظمین کے مطابق دی پیپلز ہیئرنگ کا مقصد مختلف شعبوں اور کمیونٹیز کی آوازوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور عوامی مسائل کے حوالے سے براہِ راست آراء، تجربات اور تجاویز سننا تھا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی، جبکہ متعدد افراد نے آن لائن بھی پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء اور آن لائن پروگرام دیکھنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر ٹیکساس کو درپیش اہم عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔




