ہیوسٹن: ہیوسٹن میں پہلے فیسٹیول آف فیتھز کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب، ثقافتوں اور کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا مقصد موسیقی، فن اور کہانیوں کے ذریعے مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کو سمجھنے، باہمی روابط بڑھانے اور مذہبی و ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
تقریب اسماعیلی سینٹر ہیوسٹن میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف نسلوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے گفتگو، موسیقی اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے ایک دوسرے سے روابط قائم کیے۔ شرکاء نے ہیوسٹن کی متنوع کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

فیسٹیول کے دوران ہولی روزری کیتھولک اسکول، روزن برگ کے گِلی کلب نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنی خوبصورت آواز میں نغمے پیش کیے۔ اسکول کے پادری نے گِلی کلب کی کارکردگی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے فرشتوں کی مانند خوبصورت انداز میں گائیکی پیش کی۔
فیسٹیول میں ایمان اور ہمدردی کے موضوع پر ایک خصوصی پینل ڈسکشن بھی ہوئی، جس میں مختلف پس منظر رکھنے والے مقررین نے شرکت کی۔ مقررین نے مذہبی عقائد کے ساتھ ساتھ ہمدردی، باہمی احترام، رواداری اور انسانی اقدار کی اہمیت پر گفتگو کی۔

شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ موسیقی، فن، مکالمے اور ذاتی تجربات کے تبادلے کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کے درمیان فاصلے کم کیے جا سکتے ہیں اور ایک دوسرے کے عقائد اور روایات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ فیسٹیول میں شریک افراد نے منتظمین اور تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے ہیوسٹن کی متنوع مذہبی اور ثقافتی کمیونٹیز کو ایک جگہ جمع ہونے اور باہمی اتحاد، احترام اور ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے کا موقع ملا۔




