ہیوسٹن: ہیوسٹن میں 13ویں سالانہ اسلامی آرٹ فیسٹیول کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسلامی فن، ثقافت اور تہذیب کے خوبصورت رنگ نمایاں نظر آئے۔ فیسٹیول میں امریکہ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے اپنے فن پارے پیش کیے، جبکہ بڑی تعداد میں آرٹ کے شائقین، شہریوں اور مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ڈاؤن ٹاؤن ہیوسٹن میں واقع اسماعیلی جماعت خانہ کا خوبصورت ماحول اسلامی فن پاروں کی دلکشی سے مزید نکھر گیا۔ رنگا رنگ دیواروں، دیدہ زیب پینٹنگز، نفیس اسلامی خطاطی اور منفرد مجسموں نے فیسٹیول کو ایک خوبصورت ثقافتی منظر میں تبدیل کر دیا۔ فنکار اپنے تخلیقی شاہکاروں کے ساتھ موجود تھے، جہاں شرکاء کو نہ صرف فن پارے دیکھنے بلکہ فنکاروں سے ملاقات اور ان کے فن کے بارے میں جاننے کا موقع بھی ملا۔

فیسٹیول میں مختلف اقسام کے اسلامی آرٹ کے نمونے نمائش اور فروخت کے لیے پیش کیے گئے، جن میں خوبصورت مصوری، نفیس خطاطی، مجسمہ سازی اور دیگر تخلیقی فن پارے شامل تھے۔ شائقین نے اپنی پسند کے فن پاروں کی خریداری میں بھی بھرپور دلچسپی لی۔
تقریب کے دوران رضاکاروں کی ایک بڑی ٹیم مہمانوں کی رہنمائی اور انتظامی امور کی انجام دہی میں سرگرم رہی۔ شرکاء کے لیے وافر مقدار میں حلال کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس سے فیسٹیول کا ماحول مزید خوشگوار اور دوستانہ ہوگیا۔
میئر ہیوسٹن جان وٹمائر نے بھی فیسٹیول کا دورہ کیا اور کافی وقت اسلامی آرٹ کے مختلف نمونوں کو دیکھنے اور فنکاروں کے تخلیقی کام سے لطف اندوز ہونے میں گزارا۔
13ویں سالانہ اسلامی آرٹ فیسٹیول نے ایک مرتبہ پھر اسلامی فن و ثقافت کی تاریخی، تہذیبی اور تخلیقی اہمیت کو اجاگر کیا۔ یہ فیسٹیول مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کے درمیان باہمی رابطے، ہم آہنگی اور فن کے ذریعے قربت بڑھانے کا ایک خوبصورت ذریعہ بھی ثابت ہوا۔




