ہیوسٹن: اسماعیلی کونسل برائے جنوب مغربی امریکہ اور اسماعیلی سینٹر ہیوسٹن کے مشترکہ تعاون سے فرسٹ ریسپانڈرز کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی پولیس افسران، فائر فائٹرز، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز اور دیگر ہنگامی امدادی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو مدعو کیا گیا۔
تقریب کا مقصد ان فرض شناس اہلکاروں کی جرأت، لگن، جذبۂ خدمت اور انتھک محنت کو سراہنا تھا، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر عوام کی مدد کے لیے پہنچتے ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں۔

اس موقع پر شرکاء کو باہمی میل جول، خوشگوار ملاقاتوں اور تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ منتظمین نے فرسٹ ریسپانڈرز کی کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار مشکل ترین حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں اور معاشرے کے تحفظ اور سلامتی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
تقریب کے ذریعے ان تمام اہلکاروں سے اظہارِ تشکر کیا گیا اور ان کی مسلسل خدمات، قربانیوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔




