فورٹ بینڈ کاؤنٹی ایپک سینٹر میں پانچویں سالانہ "حلال سوشل” کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد، خصوصاً مسلم نوجوانوں، بچوں اور خاندانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس رنگا رنگ تقریب میں مختلف عمر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اسے ایک یادگار کمیونٹی جشن میں تبدیل کر دیا۔
تقریب سہ پہر 3 بجے شروع ہوئی اور رات تقریباً 12 بجے تک جاری رہی۔ اس دوران شرکاء نے مختلف حلال کھانوں، بچوں کے کھیلوں، مہندی کے اسٹالز، تفریحی سرگرمیوں اور باہمی میل جول سے بھرپور لطف اٹھایا۔ مختلف فوڈ وینڈرز کے اسٹالز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

تقریب کا ایک اہم پہلو ہیومن نیسیسٹی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈ ریزنگ مہم تھی، جس کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں میں تعاون کی اپیل کی گئی۔ اس موقع پر معروف نعت و حمد کے فنکار تیمور جنید جمشید نے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
منتظمین نے تقریب کے کامیاب انعقاد، ٹریفک کی بہترین نگرانی اور شرکاء کی سہولت کے لیے روزن برگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
پانچویں سالانہ حلال سوشل نے مسلم کمیونٹی خصوصاً نوجوان نسل کو ایک جگہ جمع ہونے، اپنی سماجی و ثقافتی روایات سے جڑنے اور خاندانوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ ہزاروں افراد نے اس تقریب میں شرکت کرکے خوشگوار یادیں سمیٹیں۔




