ہیوسٹن: نومنتخب کانگریس ویمن لیٹیشیا گٹیریز کی انتخابی کامیابی کی خوشی میں معروف پاکستانی امریکن شخصیت تنویر احمد کی جانب سے ایک پروقار وکٹری ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد لیٹیشیا گٹیریز کی کامیابی کو سراہنے کے ساتھ ساتھ عوامی قیادت، کمیونٹی روابط اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کرکے نومنتخب کانگریس ویمن کو مبارکباد پیش کی۔ شرکاء نے اس کامیابی کو عوامی نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف شخصیات کو ایک دوسرے سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کا موقع ملا۔ تنویر احمد کی جانب سے منعقدہ یہ عشائیہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سماجی اور عوامی سرگرمیوں میں شرکت اور مقامی قیادت کے ساتھ روابط کی عکاسی کرتا ہے۔




