ہیوسٹن: امریکی سینیٹ کے امیدوار جیمز ٹالاریکو نے ہیوسٹن میں گلف کوسٹ اے ایف ایل-سی آئی او کے زیر اہتمام "ورکرز ورسز بلینیئرز” ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق، بہتر اجرت اور معاشی عدم مساوات کے مسائل اجاگر کیے۔
اس موقع پر آئی اے ایم یونین کے انٹرنیشنل صدر برائن برائنٹ، ایئر ٹرانسپورٹ ٹیریٹری کے جنرل نائب صدر رچی جانسن اور یونین کے حسن سلیمان بھی موجود تھے۔

ٹالاریکو نے اپنی سینیٹ انتخابی مہم میں "ورکرز ورسز بلینیئرز” کے بیانیے کو مرکزی حیثیت دی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ امریکی سیاست میں اصل تقسیم بائیں اور دائیں بازو کے درمیان نہیں، بلکہ محنت کش طبقے اور ان ارب پتی افراد کے درمیان ہے جن کی دولت حکومتی فیصلوں اور عوامی پالیسیوں پر نمایاں اثر ڈالتی ہے۔
انہوں نے بہتر اجرت، اوور ٹائم کے تحفظات میں توسیع اور ایسے ٹیکس اصلاحات کی حمایت کی ہے جن کے ذریعے دولت مند افراد اور بڑی کمپنیوں سے منصفانہ حصہ وصول کیا جا سکے۔ ان کے مطابق بڑھتے ہوئے اخراجات، کارپوریٹ اثر و رسوخ اور معاشی عدم مساوات محنت کش طبقے کے اہم مسائل ہیں۔




