پاکستان کے قونصلیٹ جنرل ہیوسٹن کی جانب سے ڈلاس، ٹیکساس میں ایک قونصلر خدمات کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد مقامی پاکستانی کمیونٹی کو اہم سفارتی خدمات اور سہولیات فراہم کرنا تھا۔ یہ کیمپ قونصلیٹ کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب کے موقع پر ایک کاروباری ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی نژاد کاروباری حضرات اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔

اس ملاقات کا مقصد باہمی رابطے، کاروباری مواقع کی تلاش، اور کمیونٹی میں ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر قونصل جنرل آفتاب احمد چوہدری بھی موجود تھے، جنہوں نے کمیونٹی کے افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قونصلیٹ پاکستانی شہریوں کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ آئندہ قونصلر خدمات کے کیمپس اٹلانٹا اور فلوریڈا میں منعقد کیے جائیں گے، جن کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ یہ اقدامات قونصلیٹ کے اُس فعال رویے کا مظہر ہیں، جو کمیونٹی کی فلاح اور خدمات کی بہتر فراہمی کو ترجیح دیتا ہے۔





