ہیوسٹن: پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن نے ایشیا سوسائٹی ٹیکساس اور آغا ریسٹورنٹ اینڈ کیٹرنگ کے اشتراک سے قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی تاریخی تھیٹر پلے” جناح: فتح اور المیہ” پیش کیا، جس میں بانیٔ پاکستان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔
یہ خصوصی پروگرام امریکہ کی 250ویں سالگرہ اور قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔

ڈرامے میں قائداعظم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں، برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد اور پاکستان کے قیام میں ان کے تاریخی کردار کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ کہانی میں یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے ایک طالب علم کی تحقیق کے ذریعے قائداعظم کی تاریخی شخصیت کے پیچھے موجود انسان کو سمجھنے کی کوشش بھی شامل تھی۔
تھیٹر پلے میں قائداعظم کی غیر معمولی کامیابیوں کے ساتھ ان قربانیوں اور ذاتی مشکلات کو بھی نمایاں کیا گیا جو ایک عظیم قومی مقصد کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

اس پیشکش نے ناظرین کو برصغیر کی تاریخ، تحریکِ پاکستان اور ایک نئی قوم کے قیام کے سفر کو منفرد انداز میں دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ پروگرام کا بنیادی پیغام قائداعظم کی اصول پسندی، فرض شناسی اور قومی مقصد سے غیر متزلزل وابستگی کو اجاگر کرنا تھا۔
پاکستانی کمیونٹی کے لیے یہ پروگرام قائداعظم کی شخصیت اور ان کے تاریخی ورثے کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک اہم کاوش ثابت ہوا۔




