ہیوسٹن: فورٹ بینڈ کاؤنٹی میں نوجوانوں کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے آگاہی اور معاونت کو فروغ دینے کے لیے ایک ٹاؤن ہال اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیونٹی رہنماؤں، تعلیمی اداروں کے نمائندوں، ماہرین اور شہریوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ نوجوانوں کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے اور انہیں درپیش مسائل کی بروقت نشاندہی کے لیے خاندان، اساتذہ، دوستوں اور کھیلوں کے کوچز سمیت معاشرے کے دیگر افراد کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اجلاس کی میزبانی فورٹ بینڈ مینٹل ہیلتھ کے نائب صدر کرسچن بیسیرا نے کی، جبکہ پینل میں فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ کی ٹرسٹی افشی چرنیا اور لامر کنسولیڈیٹڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ کے ٹرسٹی زیک لیمبرٹ نے شرکت کی۔ پینل کے شرکا نے نوجوانوں کو درپیش ذہنی صحت کے مسائل اور ان کی مدد کے لیے عملی اقدامات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر مصنفہ ڈاکٹر انعم علی نے اپنی نئی کتاب دی اسٹرینجر ایٹ مائی ٹیبل کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور اپنے خیالات شرکا کے ساتھ شیئر کیے۔ کتاب کی تمام دستیاب مطبوعہ کاپیاں فروخت ہو گئیں، جبکہ دلچسپی رکھنے والے قارئین اسے آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔
اجلاس میں جج کرس مورالس، شوگر لینڈ ٹین تھراپی، فورٹ بینڈ کاؤنٹی لائبریریز، فورٹ بینڈ ریجنل پارٹنرشپ، اے بولڈ اسٹوری نیور اینڈز اور بگ برادرز بگ سسٹرز آف گریٹر ہیوسٹن سمیت متعدد اداروں اور تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

فورٹ بینڈ مینٹل ہیلتھ کی صدر ڈینا ولیمز نے ادارے کے نظرثانی شدہ مشن اور وژن سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی ذہنی صحت کے حوالے سے کمیونٹی میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے افراد کو ضروری رہنمائی اور اعتماد فراہم کرنا اہم ہے جو روزمرہ زندگی میں نوجوانوں کے قریب رہتے ہیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ والدین، اہلِ خانہ، دوست، اساتذہ اور کوچز نوجوانوں کے رویوں میں تبدیلی محسوس کرنے اور بروقت ان کی مدد کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ انہیں نوجوانوں کی مشکلات پہچاننے، ان سے مناسب انداز میں بات کرنے اور ضرورت پڑنے پر مدد فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جائے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی ذہنی صحت کے تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے کمیونٹی کے مختلف حلقوں کے درمیان تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔




