ہر سال کی طرح اس بار بھی ہیوسٹن میں سالانہ افطار ڈنر کی تقریب ہوئی تو اس میں ہزاروں کمیونٹی ممبران، رہنما اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سعید شیخ کی قیادت میں منعقد کی گئی، جبکہ ہیوسٹن کے میئر جان وائٹمائر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جو اس دیرینہ روایت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

گزشتہ 26 برس سے یہ افطارڈنر منعقد کیا جارہا ہے اور ہیوسٹن میں پاکستانی بھارتی اور دیگر ایشیائی کمیونٹی کے مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہی نہیں افطار ڈنر میں ایک بڑی تعداد میں امریکی مہمان بھی شرکت کرتے ہیں۔ رواں سال بھی 50 سے زائد کمیونٹی تنظیموں نے اس میں شرکت کی۔ جس میں عرب کمیونٹی، بوہرہ کمیونٹی اور اسماعیلی کونسل شامل تھے۔ ہیوسٹن افطار، رمضان کی سب سے بڑی تقریب کے طور پر بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی شمولیت کی علامت بن چکا ہے، جو ہیوسٹن میں مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، میئر جان وائٹمائر نے ہیوسٹن کی مسلم کمیونٹی کی مہمان نوازی اور اتحاد کی اقدار کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج رات، مجھے 26ویں سالانہ رمضان ڈنر میں ہزاروں افراد کے ساتھ شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا، جو ہیوسٹن کا سب سے بڑا افطار ہے۔ رمضان غور و فکر، روزے اور دعا کا مہینہ ہےایک روایت جو لوگوں کو ان کے ایمان اور ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔ میں ہیوسٹن کی مسلم کمیونٹی کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں اور ان کے ساتھ یکجہتی میں کھڑے ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ درحقیقت یہ تقریب صرف ایک اجتماعی افطار نہیں، بلکہ بقائے باہمی اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت بن چکی ہے۔ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن ہیوسٹن، ٹیکساس اور کراچی، پاکستان کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے، تاکہ عالمی سطح پر تعاون اور افہام و تفہیم کو مضبوط بنایا جا سکے۔





