ہیوسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں تیسرے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس میں ادب، ثقافت، تخلیقی صلاحیتوں اور اہم سماجی موضوعات پر تبادلہ خیال کے لیے ادبی شخصیات، دانشوروں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز یو ایس اے کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کے پہلے روز مختلف موضوعات پر دلچسپ اور معلوماتی پینل مباحثوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان نشستوں میں پاکستانی شناخت، خواتین کا معاشرتی کردار، دو نسلوں کے درمیان ثقافتی فرق، ذہنی صحت سے متعلق آگاہی، پاکستانی فلم و ڈرامہ اور معاشرے میں ادب کی اہمیت جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔

"پاکستان جرنی: پرائیڈ آف آئیڈینٹٹی” کے عنوان سے منعقدہ نشست میں پاکستان کے ثقافتی ورثے اور قومی شناخت کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کی گئی، جبکہ "ویمنز وائسز” کے سیشن میں معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کی خدمات اور کردار پر گفتگو ہوئی۔
"ٹو کلچرز، ٹو جنریشنز” کے عنوان سے ہونے والی نشست میں پاکستانی امریکن خاندانوں کو درپیش ان چیلنجز کا جائزہ لیا گیا جن میں نئی نسل کو پاکستانی روایات سے وابستہ رکھنے کے ساتھ امریکی معاشرتی اقدار سے ہم آہنگ کرنا شامل ہے۔
فیسٹیول کے دیگر سیشنز میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی، پاکستانی سینما اور ٹیلی ویژن کے سماجی اثرات اور معاشرتی تبدیلی کے لیے ادب کی طاقت پر بھی اظہارِ خیال کیا گیا۔

فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد پاکستانی ادب و ثقافت کو فروغ دینا، نئی نسل کو اپنے تہذیبی ورثے سے روشناس کرانا اور پاکستانی و امریکی ثقافت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ ادبی میلہ ٹیکساس میں پاکستانی ادبی عظمت، ثقافتی شناخت اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا۔




