ہیوسٹن: اروہ یمنی کافی میں فہیم اخوند اور ان کی ٹیم کے زیرِ اہتمام ایک دلچسپ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہیوسٹن بھر سے کاروں کے شوقین افراد اور خاندانوں نے شرکت کی۔
تقریب میں لیمبورگینی، رولز رائس، فراری اور جیگوار سمیت متعدد لگژری اور نایاب گاڑیوں کی نمائش کی گئی۔ تقریب کا سب سے دلچسپ پہلو ایک جدید روبوٹ تھا، جس نے کافی ہاؤس میں داخل ہو کر رقص کیا اور شرکاء کے ساتھ گھل مل کر محفل کو مزید پُررونق بنا دیا۔

تقریب میں ڈی جے میوزک، مختلف کھیلوں، فوٹوگرافی، بچوں کی سرگرمیوں اور لگژری گاڑیوں سے مٹھائیاں تقسیم کرنے جیسے دلچسپ انتظامات نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
اس موقع پر منتظمین نے تمام دوستوں اور کمیونٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا، خصوصاً پرویز سلطان کا، جو پہلی مرتبہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ اروہ کافی ہاؤس آئے۔ ٹیکساس اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو، ڈسٹرکٹ 76، ڈاکٹر سلیمان لالانی کی شرکت کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے انتخابی مہم اور قبل از وقت ووٹنگ کے دوران مصروفیات سے وقت نکال کر تقریب میں شرکت کی۔

شہاب قرنی، سلمان رزاقی، عارف عظیم اور پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے مجوزہ نئے جنرل سیکریٹری امتیاز احسن کی شرکت پر بھی اظہارِ تشکر کیا گیا۔
یہ تقریب تفریح، جدید ٹیکنالوجی، دوستی اور کمیونٹی کے باہمی تعلقات کا خوبصورت امتزاج ثابت ہوئی، جس کی یادیں شرکاء کے لیے دیر تک تازہ رہیں گی۔




