ہیوسٹن: اے سی سی سی – لیڈیز آف مشن بینڈ کے زیرِ اہتمام ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے اور شہریوں کو انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینے کے لیے "کافی اینڈ کنورسیشن گیٹ آؤٹ دی ووٹ” کے عنوان سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مختلف انتخابی عہدوں کے امیدواروں اور ووٹرز کو غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں براہِ راست تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کیا گیا۔
نشست کا مقصد ووٹرز کو امیدواروں کے خیالات، ترجیحات اور انتخابی مؤقف سے آگاہ کرنا اور انہیں باخبر فیصلہ کرنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا تھا۔ شرکا نے امیدواروں کے ساتھ گفتگو کی اور مختلف امور پر اپنے سوالات اور خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب میں جیفری ایل بونی، کین میتھیوز، فورٹ بینڈ کاؤنٹی کمشنر ڈیکسٹر ایل میک کوئے، 328ویں ڈسٹرکٹ کورٹ کی جج کے امیدوارہ مونیکا راولنز، سرندرن کے پٹیل، اسٹیسی چائلڈز، برینڈٹا اسکاٹ اور فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے خزانچی کے امیدوار بل رکرٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
منتظمین نے تمام شرکا اور امیدواروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ جمہوری عمل میں عوام کی آواز اور مستقبل کے فیصلوں میں شرکت کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کریں، اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو بھی ووٹ کی ترغیب دیں اور انتخابی عمل میں فعال کردار ادا کریں۔

تقریب کا مرکزی پیغام تھا کہ ہر ووٹ اہم ہے، کیونکہ ووٹ کے ذریعے شہری اپنی آواز بلند کرتے اور اپنے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں حصہ لیتے ہیں۔




