ہیوسٹن: اسپائرنگ فیوچرز گالا 2026 کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں موسیقی، تفریح، بامقصد گفتگو اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
گالا میں معروف پاکستانی گلوکار شیراز اپل نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ معروف اداکارہ صنم سعید اور اداکار محب مرزا کی شرکت نے بھی تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔

تقریب کا مقصد مستحق اور پسماندہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اسپائرنگ فیوچرز کے مشن کو اجاگر کرنا اور کمیونٹی کو اس بامقصد کاوش میں شریک کرنا تھا۔ ادارہ بچوں کو تعلیم، رہنمائی اور خاندانوں کی معاونت کے مختلف پروگرامز کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
منتظمین نے گالا کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام مہمانوں، عطیہ دہندگان، اسپانسرز، شراکت داروں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص اسپائرنگ فیوچرز کی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا، جس نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کاوشیں کیں۔

منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیونٹی کے تعاون سے مستحق بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی، رہنمائی اور خاندانی معاونت کے پروگرامز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
تصویر بشکریہ: امریکن اردو ڈاٹ ٹی وی




