معروف پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی رہنما اور شہرت یافتہ بزنس مین محمد طاہر جاوید نے حالیہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج کے فوری اور مؤثر ردعمل کو سراہا ہے۔ ان کے مطابق پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر قسم کی دشمنی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ محمد طاہر جاوید نے کہا کہ پاک فضائیہ نے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے یہ واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کسی بھی غیر ضروری جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس تنازعے میں نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی شدید ناکامی کا سامنا ہے، محمد طاہر جاوید کے مطابق دنیا بھر کے رہنما بھارتی حملوں کو غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک قرار دے رہے ہیں، اور بین الاقوامی برادری پاکستان کے دفاع کے حق کو تسلیم کر رہی ہے۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی اور پاکستان کی مسلح افواج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کے تحفظ اور امن کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی۔




